نمبر گیم میں حکومت کو واضح سبقت،عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی: عثمان بزدار

Feb 14, 2022

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ استعفوں اور لانگ مارچ کے بعد اب اپوزیشن نے عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا ہے۔ یہ لوگ عدم اعتماد لا سکتے ہیں اور نہ استعفے دے سکتے ہیں۔ اپوزیشن میں لانگ مارچ کرنے کی بھی ہمت نہیں۔ عدم اعتماد کا شوشہ صرف چائے کی پیالی میں طوفان کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبر گیم میں حکومت کو واضح سبقت حاصل ہے۔ تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائے تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی اور عدم اعتماد کے غبارے سے آئندہ چند روز میں ہوا نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس اپوزیشن اتحاد پر اس کی اپنی جماعتیں عدم اعتماد کر چکی ہوں انہیں عدم اعتماد کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی جانب سے مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر تھیلے سیمیا، لیور، کوہیلر امپلانٹ،کڈنی اور برین ہیمرج کے 6مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 34لاکھ 52 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ انتظار مہدی اور رحمت بی بی کے فنڈز جاری کئے گئے۔ ڈیرہ غازی خان کی رہائشی جگر کے مرض میں مبتلا مریضہ آمنہ نورین تحصیل کروڑ لال عیسن،ضلع لیہ کی رہائشی فا خیہ بی بی‘ فاضل پور، ضلع راجن پور کے رہائشی جگر کے مرض میں مبتلا محمد نعیم تلمبہ، تحصیل میاں چنوں کے رہائشی گردوں کے مرض میں مبتلا سجاد حسین‘ تحصیل خان پور، ضلع رحیم یار خان کی رہائشی برین ہیمرج کی مریضہ عزیز بی بی کے لئے لاکھوں روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلسٹس کے نومنتخب صدر جی ایم جمالی، سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی پانچویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیس کے شہداء ہمارا مان ہیں اور آج کا دن بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین، شہید ایس ایس پی آپریشن لاہور زاہد گوندل اور دیگر پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ 

مزیدخبریں