لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کی پریزینٹر ایرن ہالینڈنے کہا ہے کہ بین کٹنگ کیساتھ شادی کڑا امتحان ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ گلیمرس زندگی ہے جبکہ ایسا نہیں ہے، شادی کے دو دن بعد بین کٹنگ ساڑھے چار ماہ کیلئے چلے گئے۔ میں اس کے بعد کرونا کی پابندیوں کی وجہ سے ملک نہیں چھوڑ سکتی تھی،کھلاڑی کی بیوی ہونا جتنا اچھا لگ رہا ہوتا ہے اتنا نہیں ۔ شادی کے بعد بین کٹنگ کو فوری طور پر گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ کیلئے آنا تھا، بین کٹنگ کے جانے کی وجہ سے میں بہت افسردہ ہو گئی تھی کیونکہ مجھے سڈنی میں ہی رہنا پڑا تھا۔ ذہنی اور جسمانی صحت کا اچھا ہونا ضروری ہے، ان دونوں کا آپس میں بہت تعلق ہے، میں اس وقت کیرئیر پر فوکس کیے ہوئے ہوں جو کہ بہت ضروری ہے۔ شکر ہے کہ کام نے مجھے مصروف رکھا ہوا ہے، میری اور بین کٹنگ کی الگ الگ جاب ہے، اس کے الگ تقاضے ہیں، کرونا کی پابندیوں کی وجہ سے ہمیں بہت خیال رکھنا پڑتا ہے۔ بائیو سکیور ببل کی وجہ سے زندگی اتنی آسان نہیں رہی، اپنے اپنے ببل میں رہنا پڑتا ہے، قریب سے بین کٹنگ کو دیکھنے کا اس وقت موقع ملتا ہے جب میں انٹرویو کرتی ہوں، میں بین کٹنگ کو زیادہ نہیں دیکھ سکتی جو کہ بہت مشکل ہے۔ ایرن ہالینڈ کو پی ایس ایل میچ کے دوران کالے رنگ کی کڑھائی والی سفید قمیض اور شلوار پہنے ہوئے دیکھا گیا۔بالکل ایسی ہی قمیض شلوار ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے دورہ پاکستان کے دوران پہنی تھی۔