لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق اور محمد یوسف کا قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔ یہ دونوں ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور ہر طرح کی کرکٹ کو سمجھتے ہیں ثقلین مشتاق تو بیرون ملک کوچنگ کا تجربہ بھی رکھتے ہیں اسی طرح محمد یوسف بھی ایک ورلڈ کلاس اور تکنیکی اعتبار سے مضبوط کرکٹ کھیلنے والے بیٹر ہیں۔ ان دونوں کی موجودگی میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہو سکتا ہے۔ محمد یوسف کی شمولیت سے بیٹرز کو لمبی کرکٹ کھیلنے اور بیٹنگ کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ صوبائی ٹیموں کیساتھ غیر ملکی کوچز لگانے کے بجائے ملک میں دستیاب بہتر کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اس شعبے میں تقرریاں پسند نا پسند کے بجائے میرٹ پر کی جائیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کوچنگ کرنے والوں کو مہارت کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے۔ اگر ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی غیر ملکی کوچز کو تعینات کریں گے تو مختلف زبان سب سے بڑا مسئلہ ہو گا۔
ثقلین مشتاق ‘محمد یوسف کو قومی ٹیم کا کوچ بنانا خوش آئند : خواجہ ندیم احمد
Feb 14, 2022