سرینگر (این این آئی+ کے پی آئی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے ضلع ادھمپور میں بھارتی فوج نے ایک اور مسلم نوجوان اور حریت کارکن کے بھائی کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کی شناخت شمس الدین کے نام سے ہوئی ہے جو جموں سے تعلق رکھنے والے حریت کارکن انس کا بھائی تھا۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں پوسٹر لگائے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بدھ کو مکمل ہڑتال کریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر دیواروں اور بجلی کے کھمبوں پر لگائے گئے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کے کارکنوں کے ذریعے ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ گروپس سمیت سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہے ہیں۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی زمینوں، وسائل اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے سمیت بی جے پی حکومت کی سفاکانہ کارروائیوں اور کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف دی ہے۔ پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے کی بی جے پی حکومت کی پالیسی کا مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کی شناخت اور خطے کے مسلم تشخص کو مٹانے کے علاوہ غیر کشمیریوں کو علاقے میں آباد کرنے کی واضح کوشش ہے۔ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مودی حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو مختلف بہانوں سے ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے سمیت نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے ظالمانہ قدامات کے خلاف کل بدھ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے جموں اور کشمیر میں حد بندی کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عدالت نے کہاکہ حد بندی سے وادی میں انتخابات کے لیے راستہ ہموار ہوا ہے۔ عدالت عظمی نے جموں و کشمیر میں اسمبلی اور لوک سبھا کے حلقوں کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے حد بندی کمشن کی تشکیل کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا۔
بھارتی فوج کے تشدد سے نوجوان شہید:غاصبانہ اقدامات کیخلاف کل ہڑتال
Feb 14, 2023