عمران شخصی آزادی کے خلاف،آئین کو خطرہ ہوا تو مقابلہ کر یں گے:بلاول

Feb 14, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت کی یاد میں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ملک آئین کے تحت چلے گا عوام کو ان کا حق ملے گا‘ جب بھی آئین توڑا گیا ملک کو نقصان ہوا۔ صوبے بھی اس آئین کی وجہ سے ہیں۔ آج تک ملک آئین کی وجہ سے چلتا رہا۔ عمران خان کے دور میں آئین کو نقصان ہو رہا تھا۔ آئین اور نظام خطرے میں تھا۔ اپوزیشن کی غیر سنجیدگی ملک اور جمہوریت کا نقصان ہے۔ عام آدمی کے حقوق کا تحفظ کیا گیا۔ عمران خان شخصی آزادیوں کے خلاف تھا، اس کی سوچ میڈیا پر پابندیوں اور مخالفین کو جیلوں میں بھیجنے کی تھی۔ وہ 18 ویں ترمیم کے خلاف تھا۔ تاریخ میں کبھی اتنے بڑے بحران سے نہیں گزرے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے اب بھی جہاں لگا کہ آئین کو خطرہ ہے اس کا مقابلہ کریں گے۔ ہماری جماعت ہمیشہ غیر آئینی اقدامات کے خلاف رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ ضیائ، مشرف کا دور ایک امتحان تھا۔ ہمارے ووٹ کے حق، عوام کے پیٹ اور جیب پر ڈاکا مارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس وقت سے آج گزر رہے ہیں یہ بھی امتحان ہے، اگر اس امتحان میں پاس ہوتے ہیں تو ہماری کامیابی ہے، اگر ہم ناکام ہوتے ہیں تو ملک کا نقصان ہو گا۔ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ اگر کوئی غیر جمہوری قدم لیا گیا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، جہاں سے بھی لگا کہ آئین کو خطرہ ہے اس کا مقابلہ کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا غیر ذمہ دارانہ اپوزیشن نے انتہا پسندی کا کردار ادا کیا۔ اسی لیے وہ آج اسمبلی کے رکن بھی نہیں ہیں۔ اپوزیشن طالبان سے بات تو کرتی رہی لیکن انتہا پسندی پر ساتھی ارکان سے بات چیت کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم طے کریں گے کہ پارلیمان کے اندر اور باہر کیسے ایک دوسرے کے ساتھ چلنا ہے، اگر سب یہ طے کر لیں کہ نہ کھیلوں گا نہ کسی کو کھیلنے دوں گا تو ملک نہیں چل سکتا، ہم سب کو ملک کے لیے اکٹھا ہونا ہے، اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو حالات کو سنبھالنا مشکل ہے۔ 73ءکا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہے‘ آئین پاکستان شہریوں کے حقوق اور وفاقی اکائیوں کے اتحاد کا ضامن ہے‘ قائد عوام اس ملک میں ایک انقلاب لے کر آئے۔
بلاول

مزیدخبریں