لاہور(نمائند ہ خصوصی)ایس پی زوہیب نصراللہ نے ڈولفن ہیڈ کوارٹرز میں عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق ایس پی ڈولفن زوہیب نصراللہ رانجھا والٹن ڈولفن ہیڈ کوارٹرز پہنچے۔ جہاں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈولفن نے خوش آمدید کہا اور ڈولفن سکواڈ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ڈولفن سعیدالرحمان رانانے گلدستہ پیش کیا۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نے ایڈمن سٹاف کا تعارف کروایا ۔سٹاف سے ملاقات کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی استعداد کار کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو کی۔ ایس پی ڈولفن زوہیب نصراللہ رانجھا نے سپروائزری آفیسرز سے ڈولفن سکواڈا ور پولیس ریسپانس یونٹ کے مکمل تنظیمی ڈھانچہ پر تبادلہ خیال کیا۔ایس پی ڈولفن نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں و خوش اخلاقی سے شہریوں کے دل جیتنے ہیں اور پبلک سروس کو اپنا شعار بنا نا ہے۔ شہریوں کے جا ن و مال و املاک کی حفاظت ڈولفن سکواڈ اورپی آر یو کے اہلکاروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انشائ اللہ و تعالی ڈولفن سکواڈ پورے عزم و استقلال کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔