عمران خان قومی مجرم،ان ہر آرٹیکل 6لگنا چاہیے:شرجیل میمن


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے عمران خان سمیت صدر مملکت اور سابق اسپیکر پر بھی آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کردیا۔سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ صدر نے اسمبلی توڑنے کے حکم پر دستخط کرکے اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے عمران خان کو بچانے کیلئے آئین توڑا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر قانون پر فرض ہے کہ فوری کارروائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 17فروری کو سکھر کے عوام کے لیے پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کرنے اور 18فروری سے حیدرآباد اور اس کے بعد 20 فروری سے کراچی میں خواتین کے لیے پیپلز پنک بس سروس کے مزید روٹس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ، حیدرآباد اور لاڑکانہ کے بعد 17مزید روٹس پر پیپلز پنک بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ لوگ دن بدن عوام کے سامنے ایکسپوز ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ساتھ اس سے بڑا مذاق کیا ہوسکتا ہے کہ عمران خان 10مہینے تک عوام کو بے وقوف بناتا رہا اور کہتا رہا کہ انہیں بیرونی سازش کے تحت امریکا نے ہٹوایا۔ کل عمران خان نے اپنے انٹرویو میں اس پورے بیانیہ کو غیر مو¿ثر اور ختم کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب عمران خان پر دو سو فیصد آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے ۔نہ صرف عمران خان بلکہ اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور صدر عارف علوی تینوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم کے ساتھ گھنانا مذاق کیا گیا ہے۔ عمران خان قومی مجرم ہیں ۔ اب یہ وفاقی حکومت پر لازم ہے کہ فوری طور پر عمران خان ، صدر عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنک بس سروس روٹ ٹو پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل کورنگی براستہ ناگن چورنگی ، شفیق موڑ ، گلشن چورنگی ، جوہر موڑ ، سی او ڈی ، ڈرگ روڈ ، شارع فیصل ، شاہ فیصل کالونی ، سنگر چورنگی ، کورنگی نمبر 5 پر چلائی جائے گی ، اسی طرح روٹ نمبر 10پر نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، زیب النسا اسٹریٹ ، میٹرو پول ، تین تلوار ، دو تلوار ، عبداللہ شاہ غازی ، ڈولمن مال ، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سی ویو تک بھی پنک بس چلائی جائے گی ۔ جبکہ پنک بس سروس کے موجودہ روٹ ون پر بسوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس چل رہی ہے، اس کی ایک اور بڑی فلیٹ کراچی پورٹ پر پہنچ چکی ہے، جلد نئے روٹس پر الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ جوکہ ماحول دوست بسیں ہیں، جس میں کسی قسم کا ایندھن استعمال نہیں ہوتا اور یہ بسیں آلودگی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہونگی۔
شرجیل میمن

ای پیپر دی نیشن