کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں پیر کو ایوان کی کارروائی کے آغاز ہی میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ شروع ہوگیا، قائد حزب اختلاف کو بولنے کو موقع نہ دینے اور مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی نے زبردست احتجاج کیا اور ایوان کی کارروائی سے علامتی واک آٹ بھی کیا۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں پیر کو ایوان کا ماحول اس وقت سخت کشیدہ ہوگیا جب اسپیکر آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کوپوائنٹ آرڈر پربات کرنے کی اجازت دینے سے منع کردیا اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سب کو بولنے کا موقع دیں گے۔اسپیکر کی اس رولنگ نے پی ٹی آئی کے ارکان کومشتعل کردیا اور انہوں نے اپنی نشستوں سے اٹھ کرشدید نعرے بازی شروع کردی۔پی ٹی آئی کے ارکان مہنگائی کے خلاف پلے کارڈز اور پوسٹرز پہلے سے بناکر لئے تھے جو انہوں نے اپنی ہاتھوں میں اٹھالئے ۔اپوزیشن ارکان نے مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر کی نشست کا بھی گھیرا کرلیا ۔احتجاج کرنے والے ارکان ہائے مہنگائی ، ہائے مہنگائی ، شرم کرو ڈوب مرو کے نعرے لگارہے تھے جس سے ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ کوئی بھی رکن اچانک کھڑے ہوکر بولنا شروع کردے وہ ایوان کو قواعد کے مطابق چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ نہیں چاہتے اجلاس چلے تو میں اجلاس ملتوی کردیتا ہوں ۔ ایوان میں ہنگامے اور شور شرابے کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دس منٹ کے لئے ملتوی کردی۔ وقفے کے بعد جب دوباراجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیکر نے ایوان میں بدنظمی کے واقعہ کو افسوس ناک قراردیتے ہوئے کہا کہ کافی عرصہ بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا ہے لیکن لگتا ہے کہ کچھ ارکان کو ایوان کی کارروائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،اپوزیشن لیڈر گڑ بڑ کر کے چلے جاتے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ کو ایوان میں پانچ سال ہوگئے اگر پھر بھی آپ کو سیکھائیں گے تو کیا فائدہ ہے؟
سندھ اسمبلی اجلاس
سند اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی ہنگامہ آرائی،شور شرابہ:علامتی واک آﺅٹ
Feb 14, 2023