ترکیہ ، شام میں اندازوں سے زیادہ تباہی ،اموات 30 ہزار سے بڑھ چکی:ندیم احمد


لاہور (خصوصی نامہ نگار)  ترکیہ اور شام میں زلزلہ کی تباہ کاریوں، شہادتوں، نقصانات اور مسلمانوں کے موجودہ حالات اور ان کی امداد کے حوالہ سے الکہف ٹرسٹ کے زیر اہتمام ٹاؤن شپ لاہور میں مرکزی چیئرمین پیر حافظ محمد ابراہیم نقشبندی کی زیر صدارت تقریب منعقد ہوئی جس میں عالمی رفاہی تنظیم ’’خبیب فاؤنڈیشن‘‘ کے مرکزی راہنماء مفتی محمد عارف اور محمد عامر کاکڑ نے شرکت کی۔ تقریب میں خبیب فاؤنڈیشن کے مرکزی چیئرمین ندیم احمد خان نے ترکیہ کے متاثرہ علاقہ ’’غازی انتب‘‘سے ٹیلی فون کے ذریعہ تقریب کے شرکاء سے براہ براست گفتگو کرتے ہوئے کہا یہاں ترکیہ اور شام میں لوگوں کے اندازوں سے بھی زیادہ تباہی اور اموات ہوئی ہیں اور اب تک یہ اموات 30 ہزار سے بڑھ چکی ہیں اور ایک کروڑ سے زائد لوگ بے گھر و متاثر ہوئے۔ 70 ہزار سے زائد رہائشی عمارتیں تباہ اور 13 ہزار سے زائد عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہوچکی ہیں۔ 10 بڑے شہر مکمل تباہ ہوچکے ہیں۔سخت سردی کی وجہ سے نقطہ انجماد منفی 4اور 5 ڈگری سینٹی گریڈتک ہے ۔ مرکزی چیئرمین پیر حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے کہا کہ ترکیہ کے متاثرین کیلئے مخیر حضرات آگے بڑھ کر بھرپور تعاون کریں۔ الکہف ٹرسٹ ترکیہ کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں مکمل سروے کے بعد حقیقی متاثرین تک ہر ممکن اشیاء پہنچائے گا۔

ای پیپر دی نیشن