محنت کش کو مدد کے بہانے راولپنڈی بلوا کر دھوکے سے گردہ نکال لیا


 راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پنجاب ہائی ویز پیٹرولنگ پولیس کے سب انسپکٹر سیاب اعوان نے تھانہ روات پولیس کو بتایا  گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا تو ڈرائیور ثاقب علی نے گاڑی پولیس ٹیم پر چڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی رکنے پر کہا کہ سواری ساتھ ہے، جلدی میں ہوں اور پانچ ہزار روپے کا نوٹ رشوت میں دیا جس کو قبضے میں لے لیا،شک پڑھنے پر گاڑی کے عقب میں چادر اوڑھے شخص کو چیک کیا تو اس کے بازو پر کینولا اور پیٹ کی بائیں جانب سفید پٹی لگی ہوئی تھی جس نے اپنا نام اعظم اور جڑانوالہ کا رہائشی بتاتے ہوئے بتایا کہ ثاقب وغیرہ نے مدد کا وعدہ کرکے راولپنڈی بلوایا، راولپنڈی  پہنچنے پر ثاقب گاڑی میں بٹھا کر نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے نامعلوم مکان پر لے گیا وہاں مجھے انجیکشن لگایا، ہوش نہ رہا اور رات گئے ہوش آیا تو بازو پر کینولا لگا ہوا تھا اور پیٹ میں درد تھا تو پوچھا میرے ساتھ کیا کیا ہے، ثاقب نے میرے بھائی سے بات کروائی اور کہا کہ تمھاری مدد کے لیے دو لاکھ روپے بھائی کو بجھوا دیے ہیں اور تمھارا ایک گردہ نکال لیا ہے تمیں کچھ نہیں ہوگا،پولیس نے ثاقب علی کی تلاشی لی تو اسکی جیب سے 4 لاکھ 95 ہزاد روپے اور 50 عمانی ریال برآمد ہوئے، گاڑی کی تلاشی لینے پر سیٹ کے نیچے سے بھی 5 لاکھ روپے مزید برآمد ہوئے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور مریض کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن