کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کیچیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزسید جاوید اقبال نے ناپا کے صدر ایمریٹس مشہور و معروف ہدایت کار، صداکار، اداکار ضیا محی الدین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک شاندار و ذہین استاد جنہوں نے تھیٹر کے متعدد طالب علموں کو تربیت فراہم کی۔ وہ ایک انتہائی پیشہ ور اور عزم اور لگن کے ساتھ کام کرنے والے انسان تھے جنہوں نے تعلیمی کارکردگی میں اعلیٰ ترین معیارات قائم کئے۔ان کی وفات دنیا بھر میں ان کے طالب علموں، ساتھیوں، مداحوں اور دوستوں کیلئے یقیناً ایک صدمہ ہوگی۔ انہوں نے ضیا محی الدین کی اہلیہ عذرااور ان کے بچوں منوس، ریشا، حسن اور عالیہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے عالمی شہرت یافتہ ادا کار ، صداکار، ہدایت کار اور براڈ کاسٹر ضیا محی الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے لیے ضیا محی الدین کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ضیا محی الدین نے اپنی اداکاری اور صدا کار ی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور ہالی ووڈ اور برطانوی تھیٹر میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے، پاکستان ٹیلی ویژن سے 70کی دہائی میں شروع ہونے والا ضیا محی الدین شو ان کی منفرد میزبانی کے باعث بے انتہا مقبول ہوا تھا،ضیا محی الدین نے اداکاری و صداکاری کے ساتھ ساتھ اخبارات میں کالم بھی تحریر کیے اور کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) جیسا ادارہ قائم کیا جس نے ہزاروں نوجوانوں کو فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کی تربیت دی، وہ ساری عمر فن کی دنیا سے وابستہ رہے اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں معتبر کرتے رہے، ان کی انہی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز سے نوازا،ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ضیاء محی الدین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطاکرے۔