دانیہ ملک کی ضمانت منظور

Feb 14, 2023 | 10:54

 سندھ ہائیکورٹ نے عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ملزمہ دانیہ ملک کی ضمانت منظور کرلی۔معروف اینکرز پرسن اور سیاستدان عامر لیاقت حسین مرحوم کی نازیبا ویڈیوز وائرل کئے جانے کے خلاف مقدمے میں گرفتار ملزمہ دانیہ ملک  کی درخواست ضمانت کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ملزمہ دانیہ  ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے ناقص تفتیش کی ہے، دانیہ ملک کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، عدالت عالیہ ان کی موکلہ کی ضمانت منظور کرے۔فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نےملزمہ دانیہ ملک کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دو لاکھ روپے میں ضمانت منظور کرلی۔عامر لیاقت کے انتقال سے چند ماہ قبل ان کی چند نازیبا ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں، ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد وہ مسلسل دباؤ میں تھے۔عامر لیاقت کی موت کے بعد ان کی بیٹی دعا عامر نے ایف آئی اے میں ویڈیوز لیک کرنے پر دانیہ ملک کے خلاف درخواست دی تھی۔ دانیہ ملک کو ایف آئی اے نے 15 دسمبر 2022 کو لودھراں سے حراست میں لے کر کراچی منتقل کیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت میں دانیہ ملک پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ ملزمہ نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔دانیہ ملک کی ماتحت عدالتوں میں ضمانت کی درخواست مسترد ہوچکی ہیں جس کے بعد انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مزیدخبریں