جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر: حریت کانفرنس

Feb 14, 2024

 سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کئے جانے اورمقبوضہ علاقے کی موجودہ سنگین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام بھارتی فوج کے غیر قانونی تسلط میں مسلسل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغن ، بھارتی قابض فوجیوں اور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں کی طرف سے کشمیریوں کی جبری گرفتاریوں، قتل عام اور شہری آزادیوں سے انکار کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں تعینات دس لاکھ سے زائد قابض فوجیوں نے جموں وکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ دوسری جان ڈوڈہ کے جنگلات میں آتشزدگی کی وجہ سے 93 سالہ خاتون جھلس کر لقمہ اجل بن گئی۔ آگ ڈوڈہ کے تحصیل بھدرواہ کے گائوں تھنگنہ کے جنگلاتی علاقے میں لگی۔ضلع اودھمپور میں سڑک کے ایک حادثے میں 2 کشمیری ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ حادثہ ضلع کے علاقے سلور میں پیش آیا جب 2 موٹرسائیکل سوار خستہ حال سڑک کے کنارے واقعہ حفاظتی دیوار سے ٹکرا کر جان کی بازی ہار گئے۔ہلاک شدگان میں 24سالہ سچن اور21 سالہ رکی شامل ہیں جو دونوں ضلع ادھم پور کے رہائشی تھے۔

مزیدخبریں