اسلام آباد (خبر نگار) مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری نے جے یو آئی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں۔ صوبائی جماعتوں نے انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔ ممکن ہے اجلاس جاری ہے۔ انتخابات کے حوالے سے ہر ہر پہلو کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔ آج پریس کانفرنس میں انتخابات کے حوالے سے اپنا تفصیلی مؤقف پیش کریں گے۔ پاکستان کے بہتر مستقبل کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔ آج فیصلہ کریں گے کہ دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرنا ہے یا نتائج کو مسترد کرنا ہے۔ معلوم نہیں حکومت کتنا عرصہ چلے گی۔ معتدل فیصلے کریں گے۔ ہمارے نتائج تبدیل کئے گئے۔ یہ انتخابات تھے بھی یا نہیں۔ تحریک انصاف کے لئے کے پی کے اور پنجاب میں نتائج تبدیلی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق ارکان نے تجویز دی کہ جے یو آئی کو ایوان میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ دریں اثناء چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے سربراہ جے یو آئی سے (ن) لیگ کی حمایت کرنے کو کہا جس پر مولانا نے مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا۔