مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو کے عالمی دن پر انگریزی خبر نامہ پڑھ کر تاریخ رقم کی

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع ریڈیو پاکستان پر انگریزی خبر نامہ پڑھ کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پر دوپہر ایک بجے کا خبرنامہ پڑھ کر یہ پیغام دیا کہ حکومت ریڈیو کو ایک اہم ذریعہ ابلاغ کے طور پر دیکھتی ہے۔ نگران وزیر اطلاعات کا یہ اقدام اس امر کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ریڈیو نشریات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ اقدام ریڈیو پاکستان کو ایک قومی نشریاتی ادارے کے طور پر مضبوط اور پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو نشر و اشاعت کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے پوڈ کاسٹ پروگرام میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت ریڈیو پاکستان کو مضبوط اور اسے رابطے کا ایک زیادہ موثر اور متحرک ذریعہ بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو کی نشریات کو فروغ دینے کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان قومی نشریاتی ادارہ ہے جس کی طویل اور بھرپور تاریخ ہے، ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں قائدانہ کردارادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان ملک کا سب سے پرانا اور سب سے بڑا نشریاتی ادارہ ہے جس کے مختلف زبانیں بولنے والے سامعین کی ایک بہت بڑی تعداد ہے ۔ ریڈیو کا عالمی دن ہر سال 13 فروری کو منایا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن