راولپنڈی (جنرل رپورٹر) ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج قبول کرے، افواج پاکستان اور عدلیہ کو بدنام نہ ہونے دیا جائے، اگر نتائج پر تحفظات ہیں تو متعلقہ فورمز موجود ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ہم پاکستان کے ہمدرد ہیں، ایکس سروس مین سوسائٹی ریٹائرڈ اہلکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، شہداء کے لواحقین کے مسائل کے حل کیلئے فورم ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں قومی سلامتی پر ٹھیس نہ آئے، کسی ایک پارٹی کو دو تہائی اکثریت ہونی چاہئے اور وہ پارٹی منشور پر عمل کرے، دو تہائی اکثریت حاصل کرنے والی جماعت سب کو ساتھ لیکر چلے۔ پاکستان کے سپہ سالار کو بدنام کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایات پر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے، سب کو آپس میں مل بیٹھنا چاہیے۔ (ن) لیگ کے رانا ثناء اللہ، سعد رفیق تک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، باقی لوگوں کو بھی شکست برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔