لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے رہنماؤں عثمان ملک اور راو خالد نے چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف سے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے انکار کے فیصلے کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اس متفقہ فیصلے ہر مبارکباد کی مستحق ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کرنے کا فیصلہ کر کے ثابت کیا ہے کہ جمہوری سوچ اور عمل میں ہی ہم سب کا دائرہ ہے۔ عوام نے سلیکشن لڑنے والی جماعتوں کو جتنا مینڈیٹ دیا اس کا تقاضا تھا کہ سب ملکر ملکی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے مل بیٹھتے مگر ایک جماعت اور اسکے کرتا دھرتا کی ضد اور انا نے یہ نہیں ہونے دیا اور وہ اب بھی بضد ہیں کہ وہ حکومت میں نہیں تو پھر کسی اور کو حکومت کرنیکا حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ سیاسی مفادات ملکی استحکام سے بڑے نہیں ہوتے۔
بلاول بھٹوکے کابینہ کاحصہ نہ بننے کے بیان کاخیر مقدم کرتے ہیں:عثمان ملک
Feb 14, 2024