لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پشاور زلمی متوازن ٹیم ، بائولنگ کو بہتر کیا ، صائم ایوب سے بہت امیدیں ہیں۔ محمد حارث پہلے سے بہتر نظر آئیگا۔ شاداب خان نے کہا کہ چیمپئن پلیئرز لائے ہیں، اس مرتبہ اچھی پرفارمنس ہوگی، شاہ برادرز کو سب دیکھیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ متوازن ٹیم ، فاسٹ بائولنگ مضبوط ، کوشش کرینگے اچھا کمبی نیشن بنائیں۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ تازہ دم اور مکمل تیار ہوں۔ ٹیم متوازن بدقسمتی سے راشد خان نہیں آرہے، دیگر کھلاڑی اچھے کمی محسوس نہیں ہوگی۔کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ شیر پی ایس ایل میں دھاڑنے کیلئے تیار ہیں ‘کھلاڑیوں کا کمبی نیشن اچھا‘بہت کچھ تبدیل کیا‘کھلاڑی اور سٹاف تک تبدیل ہوا ہے ۔ امید ہے اس بار کراچی کنگز ٹرافی اٹھائیں گے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ پرجوش ہیں۔ کچھ انتہائی دلچسپ کھلاڑی موجود ہوں گے۔ راولپنڈی کے ہوم گرائونڈ پر ٹیم کو کھیلتے ہوئے اور شائقین کے دل جیتنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز پی ایس ایل میں اپنی شاندار پرفارمنس کیساتھ صورتحال بدلنے کیلئے تیار ہے۔ ٹورنامنٹ کی تیاری اعلیٰ ترین رہی ہے اور میں ٹورنامنٹ میں کچھ معیاری نتائج کی توقع کرتا ہوں۔سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانانے کہا کہ پہلی بار فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلئے بے تابی سے منتظر ہیں ۔ یقین دلاتا ہوں ٹرافی جیتنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے کہا کہ محمد رضوان اینڈ کمپنی ٹرافی اٹھانے کیساتھ دلچسپ سیزن کا اختتام بہت اچھا ہو گا۔پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ میری ٹیم ہر میچ میں شاندار کارکردگی دکھائے۔ وعدہ کرتا ہوں پشاور زلمی اٹیکنگ کرکٹ کھیلتی رہے گی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہاکہ پانچوں ٹیموں کا مقابلہ کرنے اور چاروں مقامات پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے منتظر ہیں۔
تمام کپتان پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کیلئے پرعزم، فرنچائز مالکان بھی پرجوش
Feb 14, 2024