اسلام آباد(این این آئی+خبر نگار)وزارت قومی صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پشاور اور سبی کے 2ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں ترجمان وزارت صحت نے کہاکہ ملک کے 2اضلاع سے 2ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پائے گئے ہیں۔صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے ایک نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع پشاور کے ایک نمونے میں بھی پولیو وائرس پایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نمونوں میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق سرحد پار سے ہے،26فروری سے ملک گیر پولیو مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ورکرز کیلئے دروازہ کھولیں اور بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے لازمی پلوائیں۔
پشاور اور سبی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق
Feb 14, 2024