اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے آئی ٹی ایکسپورٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی کمپنیوں میں حکومت کی طرف سے 82 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور انعام تقسیم کردی، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو نقد انعامات کے ساتھ خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ کہتے ہیں ملک کی معیشت میں بنیادی اہمیت کی حامل آئی ٹی انڈسٹری زیادہ سے زیادہ مراعات، سہولیات اور انعامات کی مستحق ہے، یہ کمپنیاں دنیا بھر میں پاکستانی ہنرمندوں کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کی خدمات کے عیوض بھاری زرمبادلہ کماتے ہوئے ملک کی معیشت کو مضبوط کررہی ہے۔ آئی ٹی سیکٹر کی کارکردگی ایسی ہی رہی تو امید ہے جلد ہی 10 ارب ڈالرزآئی ٹی ایکسپورٹ کا ہدف بھی حاصل کرلیں گے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے ان خیالات کا اظہار وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے زیر اہتمام تقریب برائے تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی ٹی و چیف ایگزیکٹیو پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ محترمہ عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، آئی ٹی ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین محمد زوہیب خان سمیت وزارت آئی ٹی کے دیگر حکام اور آئی ٹی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ملک میں گذشتہ 60 دنوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں مجموعی طور پر 32 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔