راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ سول لائن نے سابق ایم پی اے چوہدری محمد عدنان کے قتل کی ایف آئی آر درج کرلی پولیس کو چوہدری ندیم اقبال نے بتایا کہ میرے برادر نسبتی چوہدری محمد عدنان سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اپنی گاڑی نمبر ICT. CJ 100پراڈو کو خود چلا رہے تھے اور گاڑی کی پچھلی سیٹ پر فضل ربی ،شیریں گل اور چوہدری ظہیر خان موجود تھے جبکہ دوسری کروزر گاڑی پیچھے تھی عسکری 13 میں ہاسنگ کے دفتر میں زمین کے معاملات سے متعلق ملاقات کر کے نکلے اور جب شام قریب سوا چھ بجے جناح پارک کے اشارے کے سامنے پہنچے تو اشارہ بند ہونے کی وجہ سے گاڑیاں رک گئیں مدعی مقدمہ نے کہا کہ اسی دوران دو نامعلوم افراد آئے جن کو گواہان چشم دید نے روشنی میں بخوبی دیکھا جنہوں نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی جن کے قد درمیانے اور رنگ گندمی تھاجن کی گواہان شناخت کر سکتے ہیں دونوں نامعلوم افراد نے ڈرائیور سیٹ کی طرف آکے پستولوں سے بنیت قتل سیدھی فائرنگ چوہدری محمد عدنان پر کردی دونوں ملزمان سڑک کے اس پار موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے چوہدری محمد عدنان کو گواہان چشم دید نے 1122پر بی بی ایچ شفٹ کیا چوہدری محمد عدنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہو گئے مدعی مقدمہ نے مزید کہاکہ میں اطلاع وقوعہ پاکر بی بی ایچ ہسپتال پہنچا جہاں گواہان چشم دید نے حالات و واقعات سے آگاہ کیا چوہدری عدنان کی سیاسی معاملات میں چوہدری تنویر خان ،چوہدری چنگیز خان ،دانیال چوہدری ،اسامہ تنویر سے رنجش ہے جو سرکاری زمین واگزار کرانے کے معاملات بھی تھے جبکہ کاروباری معاملات میں لقمان کامل سے زمین کی خریدوفروخت کے مقدمات چل رہے ہیں مدعی مقدمہ نے کہا کہ چوہدری محمد عدنان اکثر مجھے بتایا کرتے تھے کہ مجھے ان افراد سے جان کا خطرہ ہے پولیس نے زیر دفعات 302،34 ت پ مقدمہ درج کر لیا ۔