پنجاب اسمبلی پرنسپل سیکرٹری بھرتی کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں محمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکرٹری تعنیات کرنے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی گئی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی، اس حوالے سے ہونے والی سماعت میں جسٹس شہرام سرور کی عدالت میں پرویز الٰہی کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور فرمان منیس پیش ہوئے۔ اپنے دلائل میں عامر سعید راں ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ جوڈیشل مجسٹریٹ نے محمد خان بھٹی کو ڈسچارج کیا، پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکرٹری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری پنجاب نے جاری کیا، اس مقدمہ میں چیف سیکرٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا کیوں کہ یہ کیس سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔ ادھر اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں رنگ روڑ کی توسیع منصوبے کی منظوری کے مقدمہ میں پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے قیصرہ الہی سمیت دیگر ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی، عدالت نے قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زاہرا الہی کی ضمانت میں 6 مارچ تک توسیع کردی۔ بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی جہاں تفتیشی افسر نے موؤقف اپنایا کہ ’ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے‘، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کون شامل تفتیش نہیں ہو رہا؟‘، تفتیش کا جواب تھا کہ ’پرویز الہی کی فیملی شامل تفتیش نہیں ہورہی‘، اس موقع پر ملزمان کی جانب سے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست میں موقف اپنایا کہ ’قیصرہ الہی کی طبعیت خراب ہے وہ پیش نہیں ہوسکتی‘، جس پر عدالت نے قیصرہ الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔