لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ سے مالی معاملات طے نہ پانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ انڈر 21 کرکٹ ٹیم سا¶تھ ایشین گیمز میں بھجونے سے انکار کر دیا ہے۔ انڈر 21 ٹیم نے گیمز کے دوران ٹی 20 ٹورنامنٹ کے تحت کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا تھی۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ ایک ماہ سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پی سی بی کے درمیان خط و کتاب جاری تھی۔ پی او اے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ پی سی بی آئی سی سی سے ملحقہ یونٹ ہے اس لئے بنگلہ دیش میں ٹورنامنٹ کے دوران کرکٹ ٹیم کی مالی معاونت ممکن نہیں ہے۔ جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کرکٹ کے شاہانہ اخراجات دیکھتے ہوئے کسی بھی تعاون سے ہاتھ کھینچ لیا تھا۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے ان سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی لیکن کمزور لابنگ کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ حکام نے پی سی بی سے معذرت کر لی۔ جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو ٹیم کی عدم شرکت سے آگاہ کر دیا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور چیف آپریٹنگ آفیسر اس بات کا عذر دے چکے تھے کہ انہوں نے ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے لہٰذا پاکستان کی گیمز میں شرکت لازمی ہو گی۔