ملتان، بہاولپوراوررحیم یارخان سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

Jan 14, 2012 | 15:02

سفیر یاؤ جنگ
پنجاب کے مختلف اضلاع ملتان، وہاڑی، خانیوال، بہاول پور، بہاول نگراوررحیم یارخان ڈسٹرکٹ بارز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے۔ ملتان ڈسٹرکٹ باراسوسی ایشن کے سالانہ انتخاب میں سولہ نشستوں پرچھتیس امیدوارمدمقابل ہیں۔ صدارت کے لئے شیرزمان قریشی اورحافظ اللہ دتہ میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ نائب صدر کے لئے ساجد محمود نیزازی، ساجد ایزدیا اور شیخ خالد امیدوار ہیں، جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے چھ امیدوار چوہدری افضل جٹ، محمد وسیم خان، نشید عارف گوندل، شاہ زیب خان افشار، ذاکر نقوی اور اورنگزیب عالمگیر جنجوعہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ ملتان میں رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد دوہزارچھ سوپچاس جن کے لئے دس پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ۔ بہاول پور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں عہدہ صدارت کے لئے محمد نویدالرحمان اور محمد طیب ضمیر اور نائب صدر کے لئے چار امیدوار محمد ذکا الحسن، شفیق احمد ملک، محمد دین انجم اور سید ہاشم رضا مدمقابل ہیں۔ الیکشن میں ایک ہزار چارسوسات ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ڈسٹرکٹ بار بہاولنگر کے سالانہ انتخابات میں چارسوچوالیس وکلا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ صدارت کے عہدے کے لئے جاوید اختر وٹو اور چوہدری نورحسن امیدوارہیں۔ خانیوال ڈسٹرکٹ بار میں اٹھائیس امیدواروں میں مقابلہ جاری ہے، اور صدارت کے لئے رانا جعفر اور عمر حیات نیازی مدمقابل ہیں جبکہ پانچ سو اڑتالیس ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ وہاڑی اور مظفر گڑھ میں بھی بار ایسوسی ایشن کے لئے پولنگ جاری ہے۔
مزیدخبریں