مہم جوئی کی صورت میں سب کچھ بہہ جائیگا‘ مارشل لاءلگا تو مسلم لیگ ن قطعی قبول نہیں کریگی: نوازشریف

Jan 14, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر مہم جوئی کی کیفیت آگئی تو سب کچھ بہہ جائے گا۔ پاکستان کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اگر مارشل لاءآیا تو مسلم لیگ (ن) قطعی قبول نہیں کرے گی۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے ساتھ تصادم کی راہ خود اختیار کی ہے۔ حکومت سارے مسائل سے جان چھڑوا سکتی ہے اگر فوری انتخابات کا فیصلہ کر لے۔ کسی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے حق میں نہیں۔ اگر انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو حکومت کے لئے حالات مشکل ہوتے چلے جائیں گے ۔صرف حکومت نہیں تمام جمہوری قوتوں کیلئے حالات مشکل ہو جائیں گے۔ حکومت فوری الیکشن کا فیصلہ کرلے تو طوفان تھم جائے گا۔ ق لیگ سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ق لیگ حکومت کا حصہ ہے اب فیصلہ چودھری شجاعت کو کرنا ہے کہ انہیں ناقابل اصلاح حکومت کا ساتھ دینا ہے یا نہیں۔ اگر چودھری شجاعت نے حکومت کا ساتھ دیا تو حکومت کے ساتھ وہ خود بھی ڈوب جائیں گے۔
مزیدخبریں