60 گمنام قبروں کی موجودگی سنگین معاملہ ہے‘ عالمی ادارے سے تحقیقات کرائی جائے : کشمیری قیادت


سرینگر (آن لائن) حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں سمیت مقبوضہ کشمیر کی تمام آزادی پسند جماعتوں نے وسطی کشمیر میں مزید گمنام قبروں کے انکشاف پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج بڑے پیمانے پر جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ ایک رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس گیلانی اور میر واعظ گروپ کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی تمام آزادی پسند جماعتوں نے مقامی انسانی حقوق فورم صدائے مظلومین کی طرف سے سرینگر اور بڈگام میں مزید 60 بے نام قبروں کی موجودگی کے انکشاف پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنگین معاملہ ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے، حریت قائدین نے بے نام قبروں کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات کرائے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی مسلح افواج جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر جنگی جرائم کا ارتکاب کرتی رہی ہیں اور عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے آج بھی یہاں انسانی زندگیاں زبردست خطرات سے دوچار ہیں۔
کشمیری قیادت

ای پیپر دی نیشن