کابل / وردک (آئی این پی + این این آئی) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 15 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبے وردک میں امریکی فوج نے ڈرون حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق وردک کے سید آباد علاقے میں ہونے والے اس حملے میں کئی مکانات اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا، علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ افغانستان کے علاقہ شہر نوح میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں افغان رینجر فورس کے 5 اہلکار ہلاک جبکہ گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق افغان رینجر فورس کے اہلکار گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی شہر نوح کے قریب بارودی سرنگ کی زد میں آگئی، جس کے باعث گاڑی میں سوار 5 اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، دھماکے کے بعد افغان فورسز نے شہر کیلئے آنے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا۔
افغانستان : امریکی ڈرون حملہ‘ 15 شہری جاں بحق‘ کئی مکانات اور مسجد کو نقصان
Jan 14, 2013