عملے کیساتھ غیر متعلقہ افراد، کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کا عمل بے سود ہونے کا امکان

Jan 14, 2013


کراچی(آن لائن)کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کا عمل ایک بار پھر بے سود ثابت ہو رہا ہے ، متعدد علاقوں میں الیکشن کمشن کے عملے کے ساتھ غیر متعلقہ افراد کا گشت جاری ہے ،مکانات تبدیل کرنے والے کرائے داروں کا ووٹ درج کرنے سے گریز کیا جارہا ہے ،شہریوں نے الیکشن کمشن کے عملے کے مذکورہ طرز عمل کو کروڑوں روپے ضیاع کے مترادف قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کے عملے پانچوں اضلاع میں تیسرے روز خانہ شماری کا 35سے 60فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیاہے
۔دعویٰ کے مطابق الیکشن کمشن کے عملے نے خانہ شماری مہم کے تین دن علاقوں میں جاکر گھرانہ نمبر درج کیا اور دیگر کوائف معلوم کیے۔متعلقہ ضلعی افسران کے مطابق ضلع ملیر میں عملے نے ایک ہزار 783 شماریاتی بلاکس میں جاکر تقریباً 60فیصد کام مکمل کیا ہے ، ضلع جنوبی میں تیسرے روز 45فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، یہاں شماریاتی بلاکس کی تعداد 2ہزار 175ہے، ضلع غربی میں عملے نے 2 ہزار 910بلاکس کا دورہ کرکے 40فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیاگیا، ضلع وسطی میں تصدیق کنندہ نے تین ہزار 175بلاکس میں جاکر 40فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا جبکہ ضلع شرقی میں 35فیصد کام مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا، ضلع شرقی میں شماریاتی بلاکس کی تعداد 3 ہزار 587ہے، الیکشن کمشن کے افسران نے بتایا کہ خانہ شماری کا بقیہ کام 14جنوری تک مکمل کرلیا جائیگا اور دوسرے مرحلے کے تحت گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل 15جنوری سے شروع ہوگا اور یکم فروری تک مکمل کرلیا جائیگا۔
کراچی /ووٹرز

مزیدخبریں