سرحدی کشیدگی : بھارتی انتظامیہ نے پاکستانی وفد کو گجرات کانفرنس میں شرکت سے روک دیا‘ امن بس سروس کی معطلی جاری ‘ بیسیوں کشمیری مسافر پھنس گئے

Jan 14, 2013

سرینگر+ احمد آباد (آن لائن) پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے باعث کارواں امن بس سروس تاحال معطل ہے اور اس وجہ سے 100 سے زائد مسافر سفری دستاویزات کی میعاد ختم ہونے سے آر پار پھنس کررہ گئے ہیں۔ ادھر گجرات کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت جانیوالے پاکستانی وفد کو کانفرنس میں شرکت سے روکدیا گیا ہے۔ کانفرنس انتظامیہ نے وفد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہوٹل میں ہی قیام کریں اور کانفرنس میں شرکت کی کوشش نہ کریں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند روز سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات کے باعث پاکستان اور بھارت میں سرحدی کشیدگی کے بعد آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کیلئے شروع کی گئی کارواں امن بس سروس بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے جس سے 100 سے زائد مسافر آر پار پھنس کر رہ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقوبضہ کشمیر سے آزاد کشمیر آنیوالے 58 جبکہ آزاد کشمیر سے مقبوضہ کشمیر پہنچنے والے 65 مسافروں کے ویزا پرمٹ کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور یہ تمام مسافر آرپار پھنس کر رہ گئے ہیں۔ دوسری طرف بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی چیمبرز آف کامرس کا22 رکنی وفد بھارتی ریاست گجرات میں ہونےوالی 3 روزہ کانفرنس میں شرکت کےلئے بھارت گیا تھا تاہم سرحدی کشیدگی کے باعث وفد کو کانفرنس انتظامیہ نے ہدایت کی کہ وہ صرف اسی صورت کانفرنس میں شرکت کر سکتا ہے جب ریاستی وزیر اعلی نریندر مودی شرکت کریں گے ۔اس انکار کے بعد پاکستانی وفد بغیر شرکت کئے گجرات سے ممبئی چلا گیا۔

مزیدخبریں