اسلام آباد( آن لائن )صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدیعقوب خان نے بٹل سیکٹر کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برداری سے اپیل کی ہے کہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ۔ اپنے ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فائرنگ اور گولہ بھاری کے خلاف آج پیرکو آزاد کشمیر ، پاکستان اور پوری دنیا میں آباد کشمیری یوم سیاہ بنائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آ ج آزاد کشمیر کے تمام تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں مظاہرے کریں۔ سیاہ جھنڈیاں لہرائیں اور عالمی برداری کے سامنے بھارتی گولہ باری کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ فضائیہ کے سربراہ کے اس بیان کی بھی مذمت کی کہ بھارتی فوج دیگر کمیشنز پر غور رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی سربراہان اور حکمران کسی خوش فہمی میںنہ رہیں۔ کشمیر ی قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ اور کسی بھی آزمائش کے وقت پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑےگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائےگی اور اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو آزاد کشمیر کو جارح قوتوں کا قبرستان بنا دیا جائےگا۔