دل دہلا دینے والے حالیہ واقعات حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں: سمیع الحق

Jan 14, 2013


کوئٹہ(بیورو رپورٹ) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ و متحدہ دینی محاذ کے کنوینئر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش داخلی اور خارجی خطرات نے پورے ملک کو سوگوار بنارکھا ہے کوئٹہ ،سوات ،کراچی اور پشاور کے دل دہلانے والے واقعات حکمرانوں کی غلط اور غلاما نہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیںپورے ملک کو نو گو ایریا اور لاءاینڈ آرڈر کا شکار بنادیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں سینکڑوں انسانی جانوں کا ضیاع اور ہزارہ کمیونٹی کے تین روز سے جاری احتجاج کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ٹیلیفون پر جمعیت علماءاسلام (س) کے رہنماﺅں حاجی محمد شاہ مردان زئی اورعبدالقیوم میرزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ کرپٹ اور
 نا اہل حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں بلوچستان کی صورتحال کو مد نظررکھتے ہوئے فوری طور پر گورنر راج نافذ کرکے موجودہ حکومت کو ختم کیا جائے ۔انہوں نے جمعیت (س) کے کارکنوں پرزوردیا کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام (س) ملک میں امن و امان کی بحالی اور لاقانونیت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ عوام پر ملک میں غیر ملکی ایجنٹ مسلط ہیں ان بیرونی ایجنٹوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا وقت قریب آپہنچا ہے۔
سمیع الحق

مزیدخبریں