اسلام آباد (ثناءنیوز) خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی ہفتہ یکجہتی کشمیر سے متعلق سفارشات عملدرآمد کے لئے متعلقہ وزارتوں اور سپیکر قومی اسمبلی کو بجھوا دی گئیں ہیں ۔ قومی کشمیر پالیسی پر بحث کے لئے 7 فروری کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو گا ۔ وزارت پارلیمانی امور کو کمیٹی کی سفارش سے فوری طور پر وزیر اعظم کو آگاہ کرنے کے بارے میں کہا گیا ہے ۔ مرکزی کمیٹی کے تمام ارکان نے ہفتہ یکجہتی کشمیر کے پروگرامات طے کرنے کے بارے میں سب کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کر دی ہے ۔تنازعہ کشمیر سے متعلق قومی پالیسی پر بحث کے لئے 7 فروری کو طلب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تجویز دی گئی ہے ۔ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مشترکہ اجلاس میں کشمیری عوام کی سیاسی اخلاقی سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا ۔ ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 6 فروری کو خصوصی پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے تحت اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی جائے گی ۔ 5 فروری کو مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے موضوع پر قومی سیمینار ہو گا ۔ بھارتی دانشور ارون دتی رائے کو بھی شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر قومی سیمینار مجلس شوریٰ کے مشترکہ اجلاس کی تیاریوں اور یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری کے پروگراموں کے جائزہ کے لئے 4 فروری کو خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس بھی ہو گا ۔
کشمیر کمیٹی/سفارشات
ہفتہ یکجہتی کشمیر: پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات، متعلقہ وزارتوں، سپیکر قومی اسمبلی کو ارسال
Jan 14, 2013