لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب نے سانحہ کوئٹہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ امیر پنجاب پروفیسر حافظ عبدالستار حامد، مولانا محمد نعیم بٹ، حافظ عبدالرزاق قائم مقام ناظم اعلیٰ پنجاب، مولانا مبشر احمد مدنی، حافظ شاہد امین، مولانا ابرار ظہیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ملکی سلامتی و خود مختاری کے تحفظ کے لےے تمام اختلافات بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔ سانحہ کوئٹہ و سوات پر قوم کا ہر شخص سوگوار ہے۔ کوئٹہ میں ہونے والی بدترین دہشت گردی نے بلوچستان حکومت کی نا اہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا داعی اور سب سے بڑا علمبردار ہے یہ انسان ہی نہیں بلکہ حیوانات، چرند، پرند کے ساتھ بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے سانحہ کوئٹہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی بے حسی کی شدید مذمت بھی کی۔ دریں اثناءمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر حافظ عبدالستار حامد نے کہا کہ تشویشناک صورتحال میں ملک کسی لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ طاہر القادری بزرگی میں ”ضدی بچے“ کا کردار ادا نہ کریں۔ ان کا لانگ مارچ جمہوریت کو سبوتاژ اور انارکی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے بانی پاکستان کے بارے نازیبا ریمارکس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ”ماہر یوٹرن“ اس پر قوم سے معافی مانگیں۔
طاہر القادری بزرگی میں ”ضدی بچے“ کا کردار ادا نہ کریں: حافظ عبدالستار
Jan 14, 2013