کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو ٹیکسوں میں دی گئی رعایت ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ تین سال میں 500 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جائیں گے۔ حکومت نے مشکل فیصلہ کرتے ہوئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں دی گئی چھوٹ ختم کرنے اور آئندہ تین سال میں 500 ارب روپے کے ٹیکس عائد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو جمع کرائے گئے منصوبے کے تحت ٹیکسوں میں دی گئی مراعات تین مرحلوں میں ختم کی جائیں گی۔ پہلا مرحلہ یکم جولائی 2014ءسے شروع ہوگا جبکہ آخری مرحلہ مالی سال 2016ءاور2017ءتک ختم ہوگا۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ عالمی معاہدوں یا سفارتکاروں کےلئے استثنیٰ برقرار رہے گا۔ اس کے علاوہ آزاد تجارتی معاہدے یا ترجیحی تجارت کے معاہدوں پر بھی ٹیکسوں میں رعایت جاری رہے گی۔