کراچی (این این آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس انسپکٹر سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 29 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے ایم پی آر سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے پولیس انسپکٹر محمد اقبال خان کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق محمد اقبال خان اورنگی ٹائون تھانہ میں انویسٹی گیشن انچارج تعینات تھے۔ گلشن معمار تھانہ کی حدود افغان بستی مہاجر کیمپ میں گھر کے اندر فاطمہ نے فائرنگ کرکے اپنے شوہر 35 سالہ قاری عبدالمالک کو قتل کردیا۔ مقتول کباڑیہ کا کام کرتا تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق قندھار سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ فاطمہ واقعہ کے بعد فرار ہوگئی۔ بغدادی کے علاقے لیاری رانگی واڑہ شاہ بیگ لین میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے 25 سالہ گلشن بی بی دختر کریم بخش ہلاک ہوگئی۔ چاکیواڑہ کے علاقے میراں ناکہ میں فائرنگ سے 25 سالہ محمد عثمان ولد فقیر محمد کچھی زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 29 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کیماڑی ڈویژن پولیس نے شیرشاہ، مچھر کالونی، سلطان آباد اور مواچھ گوٹھ میں چھاپے مارے۔ ایس پی کیماڑی کے مطابق کارروائی کے دوران 24 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن، گلشن غازی اور سعید آباد سے بھی 5 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ ادھر لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 2 افراد دم توڑ گئے۔لیاری کے علاقے میں بغدادی میں فائرنگ سے رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔ اہلکار کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔