پونچھ/راولاکوٹ (اے این این) کنٹرول لائن پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھارتی فوج نے پونچھ سیکٹر سے ملحقہ کنٹرول لائن پر پھر بلا اشتعال فائرنگ کی اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سول آبادی اور پاکستان کی سرحدی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں تاہم دوسری طرف سے بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کنٹرول لائن پر ضلع پونچھ کے علاقے میں آزادکشمیر کی طرف سے دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنا دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ پونچھ کے فارورڈ علاقے کرشنا گھاٹی میں کنٹرول لائن کے ساتھ،مجاہدین کا ایک گروپ نقل و حرکت کررہا تھا اور اندر آنے کی کوشش کر رہا تھا۔ فائرنگ میں پہل پاکستان نے کی۔ بھارتی دفاعی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ گزشتہ صبح چھ بجے پیش آیا۔ اس موقع پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ آن لائن کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر امن کی دھجیاں بکھیر دیں۔ اور بٹل سیکٹر پر پون گھنٹہ فائرنگ کی۔ جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ عوامی حلقوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمتکی، عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ عوامی حلقوں نے کہا ہے ایک طرف بھارت امن کی باتیں کررہا ہے اوردوسری طرف اپنی فوج کو کنٹرول لائن پر مسلسل خلاف ورزیوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جو خطہ میں امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ بھارت نے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو کنٹرول لائن پر بسنے والے شہر ی پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے انھیں ناکوں چنے چبوائیں گے۔
کنٹرول لائن/ فائرنگ