اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں مجوزہ ایوی ایشن پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن کیپٹن شجاعت عظیم نے بتایا کہ پاکستان میں ایوی ایشن سیکٹر کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر ایک ولولہ انگیز اور روشن خیال ایوی ایشن پالیسی کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اور ایئر لائنز، فلائنگ کلبز، چارٹر آپریٹرز، کارگو آپریٹرز اور گرائونڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز اور محکمہ شہری ہوا بازی سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے ایوی ایشن پالیسی کے مسودہ کے اہم پہلوئوں کے بارے میں آگاہ کیا جس میں مجموعی ٹیکس نظام میں نرمی پر زور دیا گیا ہے جو ایوی ایشن شعبہ کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا خطہ کے دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں ایوی ایشن شعبہ کا حصہ 0.01 فیصد ہے اور بھارت، ملائیشیا، فلپائن اور تھائی لینڈ جیسے ممالک کا یہ حصہ 1.5 فیصد سے 9 فیصد تک ہے، آبادی میں سے صرف 8 فیصد پاکستانیوں کو فضائی سفر کی رسائی ہے۔ وزیر خزانہ نے ایوی ایشن ڈویژن کی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت مجوزہ ایوی ایشن پالیسی کا جائزہ، شجاعت عظیم کی بریفنگ
Jan 14, 2015