گگومنڈی: حادثہ میں جاں بحق 6افراد سپردخاک، لواحقین دھاڑیں مارکر روتے رہے

Jan 14, 2015

گگو منڈی (نامہ نگار) بس اور موٹر سائیکل رکشہ کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کو سپردخاک کر دیا گیا۔ مرنیوالے6 بدقسمت افراد کا تعلق تین گھرانوں سے تھا،اکٹھے جنازے اٹھے تو لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بس اور رکشہ کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کو ان کے آبائی گائوں 215۔ای ۔بی کے قبرستان میں بعد نماز ظہر سپرد خاک کر دیا گیا، اکٹھے 6 جنازے اٹھائے گئے تو گائوں میں کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔ متوفیان کے لواحقین دھاڑیں مار مار کر اور ایک دوسرے سے لپٹ کر روتے رہے۔ نماز جنازہ میں رکن صوبائی اسمبلی محمد یوسف کسیلیہ، اسسٹنٹ کمشنر سیف اللہ ساجد، ڈی۔ ایس ۔پی مہر ذوالفقار سندرانہ، سابق صوبائی وزیر غلام محی الدین چشتی، رضی محی الدین چشتی کے علاوہ ہزاروں سوگواروں نے شرکت کی۔ مرنے والوں میں رکشہ ڈرائیور ناظم حسین اور اس کی بہن طاہرہ یاسمین، نسیم بی بی اور اس کی بیٹی مہک، ناہید بی بی اور اس کا بیٹا منور حسن شامل ہیں۔ جنازہ کے شرکاء نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ سڑک پر بننے والے گڑھوں کے سبب پیش آیا، اہلیان علاقہ نے فوری طور پر سڑک کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں