پشاور (آئی این پی) پشاور کے علاقہ یکہ توت میں پیرس میں توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے جریدے پر حملہ کرنے والے مسلمان کوچی بھائیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی‘ یکہ توت کے علاقہ میں واقعہ منہاج القران سے تعلق رکھنے والے علامہ پیر محمد چشتی کے مدرسہ غوثیہ نے غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا تھا۔ نماز جنازہ سے قبل علاقہ میں باقاعدہ اعلانات کئے گئے کہ فرانس میں توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے گستاخان کو کیفر کردار تک پہنچانے والے کوچی برادران شریف اور سعید ہمارے ہیرو ہیں اور سب مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ ان سے یکجہتی کے اظہار کیلئے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کریں۔ غائبانہ نماز جنازہ میں علاقہ کے چند درجن افراد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کوچی برادران سعید اور شریف نے ایک اٹھارہ سالہ نوجوان حمید مراد سے مل کر پیرس میں واقع مزاحیہ خاکے شائع کرنے والے جریدے ’’چارلی ہیبدو‘‘ پر حملہ 12 افراد کو ہلاک کردیا تھا اس واقعہ کے بعد حمید مراد نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا جبکہ دونوں کوچی بھائی پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔