لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن کے سربراہ اور وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کو آئندہ چار سال کے لئے بھی مسلم لیگ ن کا صدر منتخب کر لیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے انتخابات اس برس منعقد ہوں گے جن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے مرکزی کونسل اور مسلم لیگ ن پنجاب کی صوبائی کونسل کی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام راجہ اشفاق سرور کی قیادت میں ٹیم کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے پنجاب آفس مسلم ٹائون میں منگل کو گوجرانوالہ ڈویژن میں شامل اضلاع کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں نے راجہ اشفاق سرور کے ساتھ میٹنگ میں اپنے اپنے اضلاع سے پارٹی چھوڑ جانے یا وفات پا جانے والے کونسل ممبران کے نام فہرستوں سے خارج کروانے کے علاوہ نئے نام دئیے۔ گزشتہ روز بدھ کو فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں نے کونسل ممبران کی فہرستیں اپ ڈیٹ کروائیں جبکہ آج جمعرات کو ملتان، ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور ڈویژن میں شامل اضلاع کے صدور/ جنرل سیکرٹریوں کا راجہ اشفاق سرور کی صدارت میں اجلاس ہو گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور نے ان اجلاسوں میں شریک تمام ضلعی صدور/ جنرل سیکرٹریوں کو صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور صدر پنجاب مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف کا پیغام دیا ہے کہ اپنے اپنے ضلع میں مسلم لیگ ن کا مرکزی ضلعی صدر قائم کیا جائے ورنہ تادیبی کارروائی ہوگی۔
نوازشریف مزید 4 برس کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہو جائیں گے
Jan 14, 2016