سردار یعقوب کا علی گیلانی کو ٹیلی فون، کشمیر پر عالمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں 20 اور 21 جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والی انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے بزرگ حریت رہنما کی طویل جدوجہد اور قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کا موقف پوری کشمیری قوم کا موقف ہے۔ بزرگ رہنما نے مشکلات کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹ کر جس آئینی عزم کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر چیئرمین حریت کانفرنس نے کہا کہ میں کانفرنس میں شرکت کا متمنی ہوں لیکن بھارت حکومت نے میرا پاسپورٹ ضبط کر رکھا ہے۔ سفری دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث پاکستان آنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری قوم کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکا۔ تمام تر مشکلات کے باوجود ہم اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل تک برصغیر میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کی بنیاد ہیں ان سے ہٹ کر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں نکل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر آپشن یا فارمولے نہ دے اس طرح ہمارے موقف کو نقصان پہنچتا ہے۔ سید علی شاہ گیلانی نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی تجویز کی مخالفت کی اور کہا کہ اس طرح عالمی سطح پر کشمیر کاز کو زک پہنچے گی۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے سید علی گیلانی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوئی تجویز سرکاری طور پر بحیثیت صدر اور وائس چیئرمین کشمیر کونسل مجھ تک نہیں پہنچی۔ تا ہم اخبارات کے ذریعے ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تجویز کی ہر پلیٹ فارم پر مخالفت کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن