گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں صدر بار ڈسکہ سمیت دو وکلاء کے قتل کیس کا فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔ سماعت سنٹرل جیل کے کورٹ روم میں ہو گی، جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ تفصیل کے مطابق 25 مئی کو ڈسکہ ٹی ایم اے آفس میں وکلاء کو یرغمال بنائے جانے کے واقعہ پر صدر بار ڈسکہ رانا خالد عباس کی ایس ایچ او سٹی ڈسکہ شہزاد وڑائچ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر طیش میں آکر ایس ایچ او نے فائرنگ کر کے صدر بار رانا خالد عباس ان کے ساتھی ایڈووکیٹ عرفان چوہان کو قتل اور سمیع اللہ ملہی ایڈووکیٹ کو زخمی کر دیا تھا۔ فاضل عدالت کے جج چودھری امتیاز احمد نے صفائی اور استغاثہ کے37 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ وکلاء نے گواہان پر جرح مکمل کر لی ہے۔ وقوعہ کے7 ماہ 20 دن بعد آج جمعرات 14 جنوری کو سنٹرل جیل میں اس اہم کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے جس کیلئے سنٹرل جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔