گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) لواحقین کو آخری ملاقات کے دوران امن کا درس اور صبرکی تلقین کرنیوالے مجرم کو مدعی پارٹی نے معاف کرکے چند منٹ پہلے تختہ دار پر لٹکنے سے بچا لیا۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں 2004کو مجرم جمیل نے دیرینہ عداوت پر اپنے عزیز زاہد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جسے عدالت نے جرم ثابت ہوجانے کی بناء پر سزائے موت کا حکم سنا دیا، تاہم مجرم جمیل کی تمام رحم کی اپیلیں مسترد ہونے پر اسے 13جنوری کو تختہ دار پر لٹکانے کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے، اس سلسلہ میں جیل انتظامیہ نے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی تھی۔ تاہم گزشتہ روز پھانسی کے پھندے پر لٹکنے سے صرف چند منٹ پہلے مدعی پارٹی نے اسے معاف کر دیا۔