پاکستانی اور ترک عوام یکجان دو قالب ہیں‘ تعلقات معاشی تعاون میں بدل چکے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز ترکی کے سرمایہ کاروںکے وفد نے ملاقات کی۔ جس میں ترک وفد نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ ترک سرمایہ کار پنجاب میں ریڈیوکیب گاڑیاں چلانے میں سرمایہ کاری کریں گے۔ وزیراعلی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات مفید معاشی تعاون میں بدل چکے ہیں۔ ہر گزرتے لمحے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان اور دوقالب ہیں، دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ترک کمپنیوں کے تعاون سے شہروں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی۔ ترک سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں کئی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ میٹروبس پراجیکٹ پاک ترک دوستی کی شاندار مثال ہے ۔ پنجاب حکومت اور ترک کمپنیوں کے اشتراک کار سے پاکستان اور ترکی کی دوستی مستحکم ہو رہی ہے اور آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون مزید بڑھے گا۔ترک سرمایہ کار وں کے وفد کے ارکان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی انتھک محنت اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں اضافہ کیلئے وزیراعلیٰ نے گرانقدر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریڈیوکیب گاڑیاں چلانے میں سرمایہ کاری کریں گے۔ ترک سرمایہ کاروں کے وفد میں مصطفی البراک اور دیگر اراکین شامل تھے جبکہ خواجہ احمد حسان،کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک سرمایہ کاروں نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کی انتھک محنت اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہاکہ انکی انتھک محنت اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ ترک سرمایہ کاروں نے وزیراعلیٰ کو بلدیاتی انتخابات میںکامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے قوم کے وسائل عوام پر خرچ کرنے کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن