لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + آن لائن) پاکستانی کم عمر آئی ٹی ماہر ارفع کریم رندھاوا کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 4برس بیت گئے، ان کی چوتھی برسی آج جمعرات کو منائی جائے گی۔ وہ 14جنوری 2012ءکو انتقال کر گئی تھیں۔ محض نو برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کرکے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچا دینے والی ارفع کریم کو دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو بل گیٹس نے امریکہ آنے کی دعوت دی اور مائیکرو سافٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کروایا۔ ارفع کریم رندھاوا کو کم عمری میں ہی پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ارفع کریم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم پاکستان کی ہونہار، ذہین اور قابل ترین بیٹی تھی۔ ارفع کریم نے انتہائی کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ ارفع کریم جیسی ذہین بیٹیاں ملک کیلئے امید کی کرن اور باعث فخر ہیں۔ آج ارفع کریم ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن پنجاب حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے ان کا مشن تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔
ارفع کریم برسی