اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں شہر کے بلدیاتی الیکشن کے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی، اس دوران کپتان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں نے آپس میں مک مکا کررکھا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال میں چار ہزار سات سو ارب روپے کا قرض لیا،اورنج ٹرین کےلیے ایک سو ستر ارب روپےکاقرضہ لیاجارہاہے جو آنےوالی نسلیں ادا کریں گی۔
کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے فرینڈلی اپوزیشن کا خاتمہ کرتے ہوئے دھرنے سے عوام میں شعور پیدا کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے پارٹی امیدواروں کو عوام کی خدمت کرنے کی تاکید بھی کی۔