طیارہ حادثے کا تعین پارٹس کے فرانزک تجزیئے سے ہو گا: سیکرٹری ایوی ایشن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الٰہی نے کہا ہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی اصل وجہ کا تعین تباہ شدہ پارٹس کے فرانزک تجزیئے سے ہو گا۔ یہ فیصلہ فلائٹ سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کو مزید شفاف بنانے کیلئے کیا ہے۔ بلکی باکس کی تجزیاتی رپورٹ سے کوئی حتمی چیز ثابت نہیں ہو سکی۔ اس مفروضے سے حقیقت کا کوئی تعلق نہیں کہ ایک انجن پرواز سے پہلے خراب تھا۔ کریش کے دن بھی طیارے نے 3 پروازیں کیں۔ حادثے سے قبل انجن ٹھیک تھے۔ انجن کی خرابی کی اطلاع بھی پائلٹ نے ائرٹریفک کنٹرول کو دی۔ حتمی نتیجے تک پہنچنے کیلئے طیارے کے کچھ حصے بیرون ملک بھجوائیں گے۔ تباہ جہاز کے کچھ پارٹس کیمیائی تجزیئے کیلئے اے ٹی آر کمپنی کو بھجوائیں گے۔ اے پی پی کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن نے میڈیا پر جاری خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی کے 661کے بلیک باکس کے تجزیئے میں حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ دراصل سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے کمیٹی کو آگاہ کیا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بلیک باکس کا ڈیٹا محفوظ طریقے سے حاصل کر لیا ہے اور اسکی مدد سے سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات کر رہا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن