بھارتی ایئر لائن کا بوئنگ کمپنی سے 22ارب ڈالر کے 205 طیارے خریدنے کا معاہدہ

نئی دہلی (اے پی پی+ اے ایف پی) بھارتی ائر لائن سپائس جیٹ نے اعلا ن کیا ہے کہ وہ 22 ارب ڈالر مالیت کے205 طیارے خریدے گی۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سپائس جیٹ نے جہازوں کی خریداری کے سلسلہ میں بوئنگ کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے کیا ہے۔ سپائس جیٹ ائر لائن کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اجے سنگھ نے کہا ہے یہ بھارتی ہوابازی کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے اور جہازوں کی بھارت میں فروخت کے حوالہ سے یہ بوئنگ کمپنی کے لئے بھی سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ معاہدے میں سو 737 جیٹ طیارے بھی شامل ہیں، ان طیاروں سے ایندھن کی لاگت 20 فیصد کم ہو گی، سپائس جیٹ کا بھارتی مارکیٹ میں 13 فیصد حصہ ہے، یہ کمپنی انڈیگو، جیٹ ایئرویز اور ایئر انڈیا سے پیچھے ہے، سپائس جیٹ کے پاس اس وقت 49 طیارے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن