حیدرآباد(آن لائن) صدارتی ایوارڈ یافتہ سماجی کارکن ویرو کولھن نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ 204، لاڑکانہ پر ضمنی الیکشن ہونے کی صورت میں بلاول زرداری کے سامنے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدان عوام سے ووٹ لینے کے بعد عوام کے مسائل کو فراموش کرکے کرپشن کے ذریعے پیسہ جمع کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ حکمرانوں نے لاڑکانہ کے لئے 90ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ حاصل کر کے یہ رقم ہڑپ کر لی اور ایک ٹکے کا بھی کام نہیں کرایا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سماجی تنظیم پاسبان سندھ کے رہنما خلیل احمد پالاری، ارشد آرائیں اور نور محمد چاندیو بھی موجود تھے۔