امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں بشرطیکہ دونوں ممالک تعاون کریں۔ نومنتخب صدر ٹرمپ نے وال سٹریٹ جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس پر عائد حالیہ پابندیاں کچھ عرصے تک قائم رہیں گی لیکن پھر انہیں اٹھایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے ون چائنا پالیسی کے متعلق کہا کہ اس بارے میں بات چیت ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس پالیسی کے تحت امریکہ تائیوان کو چین سے علیحدہ تسلیم نہیں کرتا۔اپنے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ماسکو اسلامی شدت پسندی کے خلاف جنگ اور دوسرے معاملوں میں واشنگٹن کی مدد کرتا ہے تو روس پر سے پابندیاں ہٹائی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ان کی ملاقات طے کی جائے گی۔